کابل(مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسیاں)افغانستان کے مختلف علاقے دھماکوں سے گونج اٹھے۔25 فوجیوں سمیت 30 افراد ہلاک،متعدد زخمی ۔تفصیلات کے مطابق فغانستان کے دارالحکومت کابل اور ہلمند میں خودکش دھماکوں میں 4افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے، جبکہ صوبہ فرح میں فوجی اڈے پر حملے میں25 فوجی جان سے گئے۔صوبہ فرح میں طالبان نے فوجی اڈے پر حملہ کردیا جس میں25 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کے مطابق ضلع بالا بلوک میں عسکریت پسندوں کے اس حملے میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ کابل کے علاقے شش درک میں ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک شخص ہلاک ہوا اور کئی زخمی ہوئے۔خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے کے دیگر 2 زخمی بھی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خودکش دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ایک کمپاؤنڈ میں ہوا۔این ڈی ایس کا یہ کمپاؤنڈ نیٹو اور امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسرا کار بم دھماکا لشکر گاہ کے ہی ضلع نادعلی میں ہوا جس کا نشانہ فوجی کیمپ کے نزدیک مسلح پولیس گاڑی کو بنایا گیا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور اور تین فوجی ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔صوبے ہلمند بھی خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں ایک شخص ہلاک،10 بچوں سمیت 15 زخمی ہوگئے ہیں۔ 2مقامی ٹی وی اسٹیشنز کو بھی نقصان پہنچا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں دھماکے کی ذمہ داری داعش اور طالبان ترجمان قاری یونس احدی نے ہلمند اور فرح میں ہونے والے دھماکوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان کے لیے نئی امریکی پالیسی کے اعلان کے بعد سے افغانستان بھر میں طالبان کے حملوں میں شدت آئی ہے۔