نوجوان نسل فحاشی وعریانی کے سیلاب میں بہے جارہی ہے، فراہیم حسین

204

نوشہرہ (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین پی کے 14 کے زیر اہتمام دو روزہ نادرا کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے 200 خواتین کے لیے شناختی کارڈ بنائے گئے۔ کیمپ کے انعقاد کا مقصد خواتین کے لیے شناختی کارڈ کا حصول آسان بنانا تھا۔ مزید یہ کہ کیمپ میں آنے والی خواتین کو اصلاح معاشرہ مہم کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔ شرکا سے ناظمہ ضلع فراہیم حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ جس تباہی کی طرف گامزن ہے، یہ من حیث القوم ہم سب کی بداعمالیوں کا نتیجہ ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے، ہمارا معاشرہ اس حد تک پستی میں چلا گیا ہے کہ یہاں معصوم بچے بھی انسانوں کی درندگی سے محفوظ نہیں ہیں۔ ہماری نوجوان نسل فحاشی وعریانی کے سیلاب میں بہے جارہی ہے۔ مغربی تہذیب کی چکا چوند نے ہم سے ہماری اسلامی اقدار و روایات کو بھلا دیا ہے۔ باوقار اور صالح معاشرے کی تکمیل کے لیے والدین، اساتذہ اور سب سے بڑھ کر میڈیا اپنا خصوصی کردار ادا کرے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں بہترین اسلامی تہذیب کے سائے میں پروان چڑھیں۔ پروگرام کے آخر میں کثیر تعداد میں خواتین کی ممبر سازی کی گئی۔