حکومت آبی ذخائر کی تعمیرکے لیے صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرے

233

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65 کے امیر امجد قیوم پراچہ، جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران اور لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات کے لیے تھرمل ڈیم ملکی ترقی اور بقا کے لیے ناگزیر ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت بڑے آبی ذخائر مثلاً کالا باغ ڈیم وغیرہ کی تعمیرکے لیے صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرے تاکہ ملک سے بجلی اور آب پاشی کے لیے پانی میں کمی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقا کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہمسایہ ملک بھارت نے ہمارے دریاؤں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ ہمارے ہاں کالا باغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیرسے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ 70 لاکھ ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے اور اس سے خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سولر انرجی جیسے پراجیکٹ ہر ضلع کی سطح پر لگانے کی فوری ضرورت ہے۔