سرجانی ،کورنگی اور لیاقت آباد مں نئی ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کریں گے،سمیع صدیقی 

241

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیع صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو تین نئی ہاؤسنگ اسکیم فراہم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔ وہ اتوار کو نمائندہ جسارت سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ کم لاگتی رہائشی منصوبے 23 سال بعد کراچی میں متعارف کرائے جائیں گے جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ یہ اسکیمیں سرجانی ٹاؤن ، کورنگی اور لیاقت آباد کے علاقوں میں ہونگی۔ لیاقت آباد میں فلیٹ اور دکانیں جبکہ سرجانی ٹاؤن اور کورنگی میں رہائشی اور کمرشل پلاٹوں پر مشتمل ہونگی تمام اسکیموں میں پلاٹ اور فلیٹ قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے جائیں گے۔ سمیع صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر اعلیٰ ٰ مراد علی شاہ کی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں کے ڈی اے ان اسکیموں کی منصوبہ بندی کرسکی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی خواہش ہے کہ شہریوں کو رہائش کی سستی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیموں کے پلاٹس کی قیمتوں کے تعین کے لیے کنسلٹنسی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں اسکیمیں عروس البلاد کی مزید ترقی کا باعث بھی بنیں گی۔ کوشش کی جائے گی کہ ان اسکیموں کے آغاز کے ساتھ ہی جلد سے جلد ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی نے بتایا ہے کہ یہ اسکیمیں شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم کے 24 سال بعد متعارف کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ہم کراچی کو اس کی گنجائش کے مطابق مزید ترقی دیں گے اور عوام کو جلد ہی بہترین رہائشی و تجارتی سہولیات فراہم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت ادارے کا مالی بحران ختم کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہے‘ جلد ہی حکومت کی طرف سے ایک ارب کی خصوصی گرانٹ ملنے کی توقع ہے۔ جبکہ تنخواہوں کی مد میں بھی 50 کروڑ روپے کے بقایا جات جلد ہی حکومت فراہم کرے گی۔ ڈی جی نے بتایا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران شہر سے سرکاری پلاٹوں پر قائم چائنا کٹنگ اور رفاہی پلاٹوں پر قائم شادی ہالوں و بنکوئٹ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔