سپرہائی وے پر600 بستروں پر مشتمل انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ بنایا جائے گا، سید مہدی رضا

614

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 600 بستروں پر مشتمل انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (آئی آئی سی ایچ) سپر ہائی وے پر قائم کیا جائے گا جہاں بچوں کو عالمی معیار کا علاج بالکل مفت فراہم کیا جائے گا، اسپتال 25 ایکڑز پر 24 ماہ میں تعمیرکیا جائے گا، اس پر قریباً ڈھائی ارب روپے لاگت آئے گی۔ اسپتال قائم کرنے کا اعلان آئی آئی سی ایچ کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید مہدی رضا نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مہدی رضا سابق بینکر، مینجمنٹ کنسلٹنٹ اور موٹیویشنل اسپیکر ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس اسپتال میں فراہم کی جانے والی تمام خدمات، پروسیجرز، ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس، سسٹم اور پالیسیاں عالمی معیار کے اداروں سے کسی طرح کم نہیں ہوں گی، اس اسپتال کو اس خطے کا بچوں کا بہترین ادارہ بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ مہدی رضا نے بتایا کہ اسپتال کے قیام کے لیے سپر ہائی وے کا انتخاب کیا گیا تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اسپتال تک رسائی بہت آسان اور جلد ممکن ہو سکے۔ سید مہدی رضا نے بتایا کہ یہ اسپتال دو سال میں مکمل ہو جائے گا، یہ منصوبہ ہماری اگلی نسلوں کے لیے ہے جو صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی مدد اور رہنمائی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچے گا، یہ خیراتی نہیں بلکہ رفاعی اسپتال ہو گا جہاں تمام سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی، ہماری خواہش ہے کہ کوئی بچہ صرف اس وجہ سے زندگی کی جنگ نہ ہارے کہ اس کا والد اس کے علاج کی سکت نہ رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے دیرینہ خواب کی تکمیل کے سفر کا آغاز ہوا ہے۔ اپنے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ان کا کیریئر بینکنگ سیکٹر سے 2004ءسے شروع ہوا تھا جو 2010ءتک جاری رہا۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف کمپنیوں کے ساتھ کام کیا اور مقامی برینڈز کو عالمی مارکیٹ تک لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی زندگی سے دوسروں کو فائدہ پہنچے اس لیے وہ یہ خدمت کر رہے ہیں، اس کا بنیادی مقصد اپنی دلی تسکین اور ان کی ذمے داری ہے۔ مہدی رضا نے کہا کہ وہ اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پروفیشنلز سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ اسپتال کے حوالے سے مہدی رضا نے مزید بتایا کہ یہ 25 ایکڑ پر واقع ہو گا جس کے لےے زمین پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہے، اسپتال کی عمارت کے علاوہ اس میں پانچ ایکڑ پر بچوں کے لیے تھیم پارک، مزید پانچ ایکڑ پر منی سفاری و چڑیا گھر، پانچ ایکڑ پر زراعت اور 10 ایکڑ پر ڈیری فارم بھی قائم ہو گا۔ اس کی لوکیشن ایئرپورٹ سے قریب ترین ہے جہاں سے ایئرایمبولینس کے ذریعے ملک بھر سے مریضوں کو لایا جا سکے گا، اس کے علاوہ اس کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے مریض بچوں کا بھی بالکل مفت علاج کر کے ہیلتھ ڈپلومیسی کو مضبوط کیا جائے گا، یہ اسپتال اپنے فنڈز بھی اپنے وسائل سے جمع کرے گا اور تحقیق کے لیے بھی انتہائی موزوں ماحول فراہم کرے گا۔ مہدی رضا نے بتایا کہ اسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کا ایک منفرد منصوبہ ”ڈریم ڈرائیو“ تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت یونی ورسٹیز، کالجز اور اسکولز میں آئی آئی سی ایچ کی ٹیم جا کر موٹیویشنل سیشنز منعقد کرے گی، ان سیشنز میں طالب علموں کی قابلیت بڑھانے کے ساتھ انہیں ملازمت، ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام اور اعلیٰ تعلیم کے لیے انٹرنیشنل اسکالرشپس کی پیشکش کی جائیں گی۔ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اسپتال کے قیام کے لیے خرچ کی جائے گی۔