کئی نسلوں تک خاندان کے اندر شادیاں جینیاتی بے قاعدگی کا باعث بنتی ہیں، ڈاکٹر محمد فرید الدین

318

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شادی سے قبل جینیاتی ٹیسٹ ضرور کرائے جائیں، کزنز کے درمیان اور خاندان کے اندر کئی نسلوں تک شادیاں جینیاتی بے قاعدگیوں کا اہم سبب ہیں، 2013ءسے اب تک پاکستان میں 350 کیس تشخیص ہو چکے ہیں لیکن صرف دس فی صد کو علاج کی سہولت حاصل ہو سکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انڈس اسپتال کراچی کے پیڈیاٹرک ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد فرید الدین نے کراچی پریس کلب میں جینیاتی عوارض پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورلڈ ریئر ڈیزیز ڈے 28 فروری کو ساری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ایسی بیماریوں کا سبب بننے والے جینیاتی عوارض کے بارے میں آگہی تشکیل دینا ہے، یہ قریباً سو بیماریوں کا ایک گروپ ہے جس میں سے پچاس سے زائد پاکستان میں موجود ہیں لیکن ان میں سے کچھ ہی پاکستان میں قابلِ علاج ہیں، ان موروثی بیماریوں کی اہم وجہ کزنز کے درمیان یا ایک ہی خاندان اور قبیلے کے اندر کئی نسلوں تک ہونے والی شادیاں ہیں۔ ضروری ہے کہ شادی سے قبل جینیاتی ٹیسٹ ضرور کرائے جائیں۔ ڈاکٹر محمد فرید الدین نے بتایا کہ 2013ءسے اب تک پاکستان میں 350 کیس تشخیص ہو چکے ہیں لیکن صرف دس فی صد کو ہی علاج کی سہولت حاصل ہو سکی ہے، باقی یا تو علاج کا انتظار کر رہے ہیں یا موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ کراچی کے انڈس اسپتال میں گوچے کے چار مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر فرید نے بتایا کہ گوچے ایک ایسا اینزائم ہے جو خون میں ہوتا ہے اور خلیوں کو مربوط رکھتا ہے اور بچے کے جسم کے اسٹرکچر کو نارمل رکھتا ہے اگر گوچے اینزائم نہ ہو تو بچے کا جگر اور تلی بڑھ جاتے ہیں، اسی طرح پومپے کے ایک مریض کا چلڈرن اسپتال کراچی میں علاج جاری ہے، پومپے اینزائم دل اور ہاتھ پیروں کے پٹھوں کو مضبوط رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اب تک ایم پی ایس ون کا کوئی مریض نہیں ملا ہے، ایم پی ایس ون اینزائم کی کمی بچوں کی ہڈیوں کو مضبوط نہیں ہونے دیتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان جینیاتی بے قاعدگیوں کے بارے میں آگہی پھیلانا چاہتے ہیں، ان میں سے متعدد قابلِ علاج ہیں اگر ان کا بر وقت تشخیص اور علاج میسر ہو جائے، صنوفی جینزائم کی طرف سے پاکستان بھر میں بہت جلد عوامی آگہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں مختلف شہروں میں عوام کو ان بیماریوں کے حوالے سے آگہی فراہم کی جائے گی اور مقامی ڈاکٹروں کی تربیت کی جائے گی۔ صنوفی جینزائم کی میڈیکل لیڈ ڈاکٹر صبا عباسی نے پاکستان میں مریضوں کو اپنے ادارے کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ صنوفی جینزائم پاکستان میں مریضوں کو مفت تشخیص کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔