ملک پر مسلط ظلم کے نظام کے خاتمے کیلیے عوامی انقلاب کی ضرورت ہے

341

فیصل آباد(وقائع نگارخ صوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیرفاروق ،راؤ شیر افگن اور راناعدنان خان اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جب تک کرپشن کے ناسور کا خاتمہ نہیں ہوتا، ملک میں حقیقی تبدیلی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ ملک پر مسلط ظلم و جبر کے نظام سے نجات کے لیے عوامی انقلاب کی ضرورت ہے۔عمیرفاروق نے کہاکہ عوام ستر برس سے ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں کے نرغے ، میں ہیں اور عام آدمی معاشی و سیاسی استحصال کا شکار ہے حکومت فرد واحد کو بچانے کے لیے عدلیہ کے سامنے کھڑی ہوگئی ہے اور احتساب کے اداروں کو ڈرایا اور دھمکایاجارہاہے جو انتہائی شرمناک ہے اور جو پارٹی چار دہائیوں سے حکومت میں ہے، اس سے اس غیر آئینی رویے کی قطعاً توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمہ کے بجائے کرپٹ افسروں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کو زیب نہیں دیتا کہ وہ کرپشن میں ملوث افسروں کو بچانے کے لیے کابینہ کے اجلاس کرے۔ حکومت کو عوام نے یہ مینڈیٹ نہیں دیا کہ مجرموں کی پشت پناہی کرے۔ حکومت کا فرض ہوتاہے کہ وہ اداروں کو کرپشن سے پاک کرے مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران کرپشن پر قابو پانے کے بجائے اسے پروموٹ کر رہے ہیں۔