پنجاب حکومت صوبہ بھرمیں کسانوں کا استحصال کررہی ہے،علی احمدگورایہ

146

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدر علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبہ بھرمیں کسانوں کا استحصال کررہی ہے۔اس سیزن میں شوگرمل مالکان سرکاری نرخ سے ہٹ کر من مرضی کے نرخ پر گنا خریدتے رہے جو کسانوں کے ساتھ زیادتی ہے، حکومت کسانوں کو ریلیف دینے میں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے ۔فیصل آباد ڈویژن میں پنجاب حکومت کی ملکیتی شوگرملز انتظامیہ کسانوں کے ساتھ مسلسل زیادتیاں کررہی ہے،جوکہ ناقابل برداشت ہے ،شوگرملز180روپے ریٹ پر گنے خریدنے کی پابند ہیں لیکن ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ورزی کرتے ہوئے 150اور130روپے کے حساب سے خریداری کی جارہی ہے۔شوگرملزکومخصوص ٹائم پر نہ چلانا بھی کسانوں کیخلاف سازش تھی۔ حکومت شوگرملزمالکان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ملزملازمین کے خلاف کارروائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی فصل پربھی کسانوں کوذلیل کرنے کا پروگرام بنایاجارہا ہے، فورڈ ڈپارنمنٹ کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ا گر ایساہو اتو گندم کی فصل کا کسان بھی رل جائے گا،پہلے بھی 40 لاکھ ٹن میٹرک ٹن گندم خریدنے کا وعدہ کیاگیاتھالیکن اسے پورانہیں کیاگیا۔انہوں نے گزشتہ روز چنیوٹ میں نجی شوگرملز انتظامیہ کی جانب سے مقامی کسان پرتشدد کرنے اوراس کے بعدپولیس گردی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقامی ڈی سی قانون پرعملدرآمد کرانے کے بجائے اس شوگرملز کے مفادات کو تحفظ دیتے ہیں ۔