بلدیہ فیصل آباد کی نااہلی سے شہر تجاوزات مافیا کے سپرد ہوگیا

195

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65 کے امیر امجد قیوم پراچہ، جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ، الیاس منج، ریاض احمد سعدی، مجیب الرحمن بھٹی، عمران رشید اور دیگر رہنماؤں نے شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصل آباد کے عوام تجاوزات کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ کارپوریشن عملے کی مبینہ ملی بھگت سے پورا شہر تجاوزات مافیا کے سپرد ہوچکا ہے اور شہریوں کے گزرنے کا راستہ تک موجود نہیں ہے۔ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے سٹی میئرکے دعوے قصہ پارینہ بن گئے ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سٹی میئر شہر کی تازہ صورتحال سے ابھی تک ناآشنا ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد اس وجہ سے اذیت میں مبتلا ہے۔ تجاوزات مافیا کی بدولت شہرکے فٹ پاتھ غائب ہوگئے ہیں اور ان پر کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے دکانداروں نے قبضہ جما رکھا ہے جبکہ کارپوریشن کا عملہ اپنا ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے غیر معروف سٹرکوں سے چھابڑی فروشوں اور غریب دکانداروں کے چالان کرکے ان کے سامان پر قابض ہوجاتے ہیں اور غریب آدمی اپنے بچوں کا پیٹ پالنے سے محروم ہوجاتاہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ سٹی میئر اپنے دفترسے نکل کر شہر کی صورتحال کا جائزہ لیں۔