عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں

131

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے صدر انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ ایم ایم اے 2018ء کے انتخابات میں پاکستانی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرے گی، ملکی مسائل کے حل، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن گلی گلی جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچانے اورایک کروڑ ووٹرز تک پہنچنے کا ہدف پورا کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کردیں۔ ایم ایم اے کے قیام کا مقصد ملک میں ایسا نظام لانا ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں، مشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے، مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست جس کا نمونہ ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں، جو بار بار پارٹیاں بدل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کرلیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان ٹولوں کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔