اسٹیل مل ملازمین کا تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ

760

کراچی:19-pakistan-steelپاسلو کے منتخب صدر عاصم بھٹی ، جنرل سیکریٹری علی حیدر گبول ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسلام اور سابق صدر حاجی خان لاشاری و جنرل سیکریٹری ظفر خان و دیگر نے کہا ہے کہ ملازمین کی پانچ ماہ کی تنخواہ کی فوری ادائیگی اور ادارے کی بحالی کے لیئے فوری اقدامات کیئے جائیں،

ملک کے واحد فولاد ساز ادارے اور اس کے ملازمین کے ساتھ زیادتیاں بند کی جائیں، ورنہ فوری لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ملازمین کے بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسلام نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کیساتھ زیادتیاں فی الفور بند کی جائیں.

اسٹیل مل کی بحالی کے فوری اقدامات کرتے ہوئے ادارے کی گیس بحال کی جائے ورنہ جماعت اسلامی کی جانب سے ادارے کے ملازمین کیساتھ ملکر پورے ملک میں احتجاج کو منظم کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے سے سابقہ صدر و جنرل سیکریٹری حاجی خان لاشاری اور ظفرخان نے نئے منتخب ہونے والے پاسلو یونین کے صدر عاصم بھٹی اور جنرل سیکریٹری علی حیدر گبول کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قیادت ملازمین کے مسائل کے حل کے لیئے بھر پور لائحہ عمل تیار کرے تاکہ ادارے اور ملازمین کو بحران سے نکالا جا سکے ۔ اس موقع پر ٹاپس کے صدر شاہد اللہ والا ، جنرل سیکریٹری عادل خان، جماعت اسلامی الحدید زون کے امیر خلیل الرحمان و دیگر یونیز کے نمائندے اور عہدیداران بھی موجود تھے۔