مستحکم بینکنگ انڈسٹری قومی مفاد میں ہے، صدر میزان بینک عرفان صدیقی 

625

صنعتیں اور ایس ایم ایز پیداواری لاگت کے دباؤ کا شکار ہیں،

بینکنگ سیکٹر اپنا کردار ادا کرے، صدر کاٹی طارق ملک 

 سینیٹر عبدالحسیب، جنید نقی، زبیر چھایا، فرخ مظہر اور دیگر کا اظہار خیال 

کراچی:  میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مستحکم بینکنگ انڈسٹری قومی مفاد میں ہے، صنعت و تجارت کی ترقی اسی شعبے سے جُڑی ہے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کاٹی کے صدر طارق ملک، نائب صدر جنید نقی، سینیٹر عبد الحسیب خان ، کاٹی کے سابق صدور اور چیئرمین سید فرخ مظہر، مسعود نقی، راشد صدیقی، اکبر فاروقی ، ڈاکٹر سمیع الزماں اور دیگر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔

صدر کاٹی طارق ملک نے میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی کی صدارت میں کاٹی کا دورہ کرنے والے وفد کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی صنعتیں اس وقت بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے دباؤ کا شکار ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار جو کسی بھی ملکی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں مسلسل مسائل کا سامنا کررہے ہیں، اس صورت حال میں بینکنگ سیکٹر کو ان شعبوں کے استحکام کے لیے رضاکارانہ بنیادوں پر بہت سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

طارق ملک کا کہنا تھا بلا شبہہ پاکستان کا بینکنگ سیکٹر اور بالخصوص اسلامک بینکنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ، لیکن ساتھ ہی یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستانی بینکنگ سیکٹر نے ایس ایم ایز کو نظر انداز کیا، اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں کاٹی میں منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ میزان بینک ایس ایم ایز سیکٹر پر توجہ مرکوز کررہا ہے اور اس کے لیے اقدامات پر کام ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے وضع کردہ خطوط پر زرعی شعبے کے لیے بھی میزان بینک جلد پروگرامز کا آغاز کررہا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان اور کائٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین و سی ای او زبیر چھایا نے اسلامی بینکاری سے متعلق آگاہی کی فراہمی کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ماضی میں اسلامی بینکاری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے ہیں، حکومتی عہدے داران، ارکان پارلیمنٹ، کاروباری شعبے اور بیوروکریسی کے لیے سیمینارز اور آگاہی مہم ترتیب دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں کئی پہلوؤں سے کام کیا جارہا ہے۔ بعدازاں عرفان صدیقی نے اسلامی بینکاری سے متعلق کاٹی کے سینئر ارکان کے سوالات کے جواب بھی دیے۔