ن لیگ احتساب کے عمل کو کامیاب ہوتے دیکھنا نہیں چاہتی، میاں مقصود

165

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نیب کیخلاف پیش کی گئی قرار داد کی منظوری انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ حکومت کی طرف سے نیب کے ادارے کو متنازع بنا کر ریاستی اداروں کے باہمی ٹکراؤ کی سازش کی جارہی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے سابق جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب کے ادارے نے پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں احتساب کا عمل شروع کیا ہے مگر لمحہ فکر ہے کہ شریف فیملی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اب اوچھے اور منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ اسمبلیوں کا اصل کام قانون سازی ہوتا ہے لیکن حکومت نے پنجاب اسمبلی کو ربڑ اسٹمپ بناکر رکھ دیا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کرنے کے بجائے الٹا پنجاب اسمبلی نے نیب کیخلاف قرار داد منظور کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) احتساب کے عمل کو کامیاب ہوتے دیکھنا نہیں چاہتی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے باوجود نیب کیخلاف قرار داد کو منظور کرلیا گیا۔ اس سے حکومت کی بدنیتی صاف ظاہر ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کسانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب اور لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف نیب کی اس وقت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ چند روز قبل آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر احد چیمہ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ چونکہ احد چیمہ کی گرفتاری سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر بھی ہاتھ پڑسکتا ہے۔ اس لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نیب کیخلاف پروپیگنڈہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔ پنجاب میں حکمران جماعت کو گنے کے کاشتکاروں کو ریلیف دینے کی توفیق نہیں ہوئی۔ ابھی تک کسانوں کو سرکاری نوٹیفکیشن اور عدالتی فیصلے کے باوجود 180 روپے فی من ادائیگی نہیں کی جارہی۔ اسی طرح آلو کی فصل کو بھی حکومتی پالیسی سے نقصان پہنچ رہا ہے۔ حکومت پنجاب اور شوگر مل مالکان کی ہٹ دھرمی اور ملی بھگت سے کسان بری طرح پس چکے ہیں۔ گنے کی خریداری نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ حکومت پنجاب قومی اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی کے بجائے غریب عوام کو ریلیف دے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کو ختم کرنے کے عملی اقدامات کیے جائیں۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ زرعی شعبے کو بہتربنانے کے لیے حکومت زراعت کو اہمیت دے اور کسانوں کو سہولیات فراہم کرے۔