***۔۔۔۔۔۔پنجاب ۔۔۔۔۔۔***

201

راولپنڈی (اے پی پی) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں شجر کاری مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی میں مختلف اقسام کے درخت اور پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کھجور کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے دیگر افسران اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملکی یونیورسٹیوں میں اہم مقام رکھتی ہے اور اس کا قدرتی ماحول تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مثالی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم اور بیوٹی فکیشن منصوبہ کے تحت سینکڑوں کی تعداد میں مختلف قسم کے پھول یونیورسٹی میں لگائے گئے ہیں جبکہ شجر کاری مہم کے تحت بھی کثیر تعدا د میں مختلف اقسام کے پھول اور سبزہ والے درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے لیفٹ اور ورک کے تحت بھی ایک ٹینڈر اخبارات میں شائع کیا گیا جس کے تحت انٹرنل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا* پشاور دیر کالونی میں گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہوگئے ہیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق رنگ روڈ پر دیر کالونی کے تور بابا سٹاپ کے قریب ایک سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق متاثرہ گاڑی کے پاس ایک موٹر سائیکل کھڑی پائی گئی اور خدشہ ہے کہ اسی کے ذریعے گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے* محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی کی ہے اور اس دوران شمال مشرقی بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیراور فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بگروٹ میں 5 ملی میٹر اور گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی* ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے چین میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش ’’ ڈینٹل شو‘‘ میں شرکت کیلیے خواہشمند اداروں سے 10 مارچ 2018ء تک درخواستیں طلب کی ہیں۔ ادارہ کی جانب سے جاری کردہ۔عالمی تجارتی میلے میں دندان سازی کی ادویات و آلات سمیت دانتوں کے علاج معالجہ میں استعمال ہونے والے آلات وغیرہ تیار و برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش اور خریداروں سے کاروباری معاملات طے کر سکیں گے جس سے قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ڈینٹل شو کا انعقاد 29 اگست تا یکم ستمبر 2018ء کو شنگھائی، چین میں ہوگا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات ادارہ کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں*محکمہ آبپاشی و برقیات نے نہری پانی کاضیاع روکنے اور زیادہ سے زیادہ زرعی زمینوں کی آبپاشی کیلیے لوئرچناب کینال سسٹم میں توسیع کی منظوری دے دی ہے جبکہ 16 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے مذکورہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیاجائیگا۔ محکمہ اریگیشن اینڈ پاور کے ذرائع نے بتایاکہ لوئر چناب کینال سسٹم میں توسیع سے ٹیل تک پانی پہنچانے اور کاشتکاروں کی سہولت سمیت پانی کے دستیاب وسائل کو بہتر سے بہتر انداز میں استعمال کرنا ممکن ہو سکے گا ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں جب پانی کی کمی زراعت کیلیے ایک بڑے مسئلہ کی صورت اختیارکرتی جارہی ہے ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کے ایک ایک قطرے کو نہائت احتیاط کے ساتھ استعمال میں لایا جائے تاکہ زرعی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ زرعی اجناس کی پیداوار کے مقرر کردہ اہداف کاحصول بھی ممکن ہو سکے*محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکاروں کی محنت سے کپاس ، چاول ، گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے جبکہ زراعت پر فوکس کرنے سے زرعی خود کفالت حاصل کرنے سمیت دیہی معیشت میں زبردست بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت نے آلو کے کاشتکار وں کو پیداوار کا بہتر معاوضہ دلا نے کیلیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف صوبے کی زرعی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے جعلی بیج، ادویات اور کھادوں کے قلع قمع کیلیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی خصو صی ہدایت بھی کی ہے نیز جعلی بیج اور ادویات فروخت کر نے والوں کی سزاؤں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور چیکنگ کو مؤثر بنایاگیا ہے ۔انہوں نے زرعی تحقیقی اداروں پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے کام کو مزید بہتر کریں تاکہ کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نئی اقسا م بھی فراہم کی جا سکیں ۔