ایس آئی یو ٹی: اعضا کی پیوندکاری کے 7 آپریشن تھیٹرز پر مشتمل بشیر داؤد ٹرانسپلانٹ آپریشن تھیٹرز کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا

303

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے سلیمان داؤد ٹرانسپلانٹ سینٹر میں اعضا کی پیوندکاری کے 7 آپریشن تھیٹرز پر مشتمل بشیر داؤد ٹرانسپلانٹ آپریشن تھیٹرز کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں جمعہ کو ایس آئی یو ٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے کہا کہ بشیر داود کمپلیکس کے تعاون سے آپریشن تھیٹرز کے آغاز کے بعد ایس آئی یو ٹی میں مجموعی آپریشن تھیٹرز کی تعداد 24 ہو گئی۔ جس سے بروقت آپریشن کرنے میں مزید سہولت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تھیٹرز کے تمام اخراجات بشیر داود نے برداشت کیے ہیں اور بشیر داﺅد اور ان کی فیملی کا تعاون 2000ءسے ایس آئی یوٹی کے ساتھ ہے، جب انہوں نے 120 ڈائلائیسز مشینوں کا عطیہ دیا۔ آج ایس آئی یو ٹی میں روزانہ 850 ڈائلائیسز سیشن کیے جا رہے ہیں جو ملک کے ڈائلائیسز کا ایک تہائی حصہ بنتا ہے۔ اس میں بچوں کے لیے مخصوص ڈائلائیسز یونٹ بھی شامل ہے جو ملک میں بچوں کے لیے واحد یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا یہ ڈائلائیسز سینٹر ساﺅتھ ایشیا میں سب سے بڑا ہے جہاں ایک جگہ اتنی تعداد میں ڈائلائیسز ہوتے ہیں اگر یہ ڈائلائیسز نجی شعبے میں کروائے جائیں تو لوگوں کے قریباً75 کروڑ روپے خرچ ہوتے۔ اسی ڈائلائیسز سینٹر کی بدولت ایس آئی یو ٹی میں پانچ ہزار سے زائد ٹرانسپلانٹ کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے بتایا کہ 2006ءمیں بشیر داﺅد نے اپنی والدہ حنیفہ سلیمان داﺅد کے نام پر کینسر اسپتال کی بنیاد رکھی جو 150 بستروں پر مشتمل ہے، اسپتال میں کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی شعاعوںسے علاج کے لیے ایک خطیر رقم عطیہ کی گئی، لینئر ایکسلیریٹر کی مشین بھی موجود ہے۔ اسپتال میں داخل مریضوں کے علاوہ کینسر کی اوپی ڈی میں بڑی تعداد ایسے مریضوں کی بھی ہوتی ہے جن کا کیمو تھراپی، شعاعوں اور سرجری سے علاج بھی کیا جاتا ہے۔ اسی شعبے کا ایک حصہ پراسٹیٹ کینسر کے جدید علاج یعنی بریکی تھراپی پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح 2011ءمیں بشیر داﺅد اور ان کی فیملی نے 125 بستروں پر مشتمل سلیمان داﺅد ٹرانسپلانٹ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا جہاں جگر، دل، پھیپھڑے، لبلبے اور چھوٹی آنت کی پیوند کاری جیسے آپریشن کیے جا سکیں گے۔ اس ٹرانسپلانٹ سینٹر میں چار ٹرانسپلانٹ کے آپریشن بیک وقت کیے جا سکتے ہیں مزید برآں 10 بستروں پر مشتمل جدید آئی سی یو بھی اس کا حصہ ہے اس ٹرانسپلانٹ سینڑ میں ایک انتہائی جدید اسکل لیب اور مخصوص لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں۔ مستقبل قریب میں اسی ٹرانسپلانٹ تھیٹر کمپلیکس میں ٹرانسپلانٹ کرنے کے لیے روبوٹ کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بشیر داﺅد نے شعبہ صحت میں ڈائلائیسز، کینسر کے بعد ٹرانسپلانٹیشن کے شعبے کی ترقی کے لیے منفرد روایت قائم کی ہے جو بلا شبہ ان کی طرف سے سخاوت کی عمدہ مثال ہے۔ شعبہ صحت کے مندرجہ بالا تمام منصوبوں پر اب تک ان کی طرف سے تین ارب روپے کی خطیر رقم کا عطیہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بشیر داﺅد نے ایس آئی یو ٹی کے صحت کے شعبے میں کردار کو سراہا جہاں چالیس سال سے زائد عرصے سے معاشرے کے ان طبقات میں علاج معالجے کی اعلیٰ و معیاری مفت سہولتیں فراہم کرنے کی خدمات سر انجام دیں جو مہنگے علاج کے اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایس آئی یوٹی کے بورڈ کی وائس چیئرمین زبیدہ مصطفٰی اور ٹرسٹی شبر زیدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔