پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کم ہوتی جارہی ہے، سردار ظفر

227

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کم ہوتی جارہی ہے، حکمرانوں نے پالیسیوں کو تبدیل نہ کیا تو ایکسپورٹ سرکل تباہ و برباد ہوجائے گا۔ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے، لاکھوں گھرانے اس روزگار سے وابستہ ہیں، حکمرانوں نے آنکھیں نہ کھولیں تو بے روزگاری کا سیلاب انہیں بھی بہا لے جائے گا۔ بنگلا دیش اور بھارت کی حکومتیں اپنے ایکسپورٹرز کو بہت زیادہ مراعات دے رہی ہیں جس کی وجہ سے بنگلا دیش اور بھارت نے دنیا بھر میں اپنی جگہ بنانی شروع کردی ہے اور پاکستان کی ایکسپورٹ کا گروتھ ریٹ کم ہورہا ہے۔ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے حکم کے بجائے اپنے ایکسپورٹرز کی رائے کا احترام کریں اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو بھارت اور بنگلا دیش کے صنعت کاروں کے برابر مراعات دینے کا اعلان کریں تاکہ پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا مل سکے۔