سینیٹ انتخابات کو دولت کا کھیل بنا دیا گیا ہے، سردار ظفر خان

205

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ جب تک انتخابی نظام درست نہیں ہوتا، عوام کی حقیقی قیادت سامنے نہیں آسکتی۔ الیکشن کمیشن 2018ء کے انتخابات سے قبل انتخابی نظام کی درستگی اور اصلاحات کے نفاذ کی طرف توجہ دے۔ سینیٹ کے انتخابات کو دولت کا کھیل بنا دیا گیا ہے۔ اراکین اسمبلی کی منڈی کے جانوروں کی طرح بڑھ چڑھ کر بولیاں لگائی جارہی ہیں جو انتہائی شرمناک اور ایوان بالا کی توہین کے مترادف ہے۔ الیکشن کمیشن کو تمام اختیارات حاصل ہیں لیکن وہ اربوں کھربوں میں کھیلنے والے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتا ہے۔ سیاست مخلوق خدا کی خدمت کا نام ہے مگر افسوس کہ اس وقت سیاست کو جھوٹ فریب اور دھوکے کا نام دے دیا گیا ہے اور سیاست کے نام پر عوام سے دھوکا اور فراڈ کرنا سیاستدان اپنی اہلیت اور بہترین کارکردگی سمجھتے ہیں۔ سیاست کے نام پر لوگوں کی امانتوں میں خیانت کرنے والے سیاستدان نہیں چور اور لٹیرے ہیں۔ ایسے لوگوں کو سیاست سے بے دخل کرنا ہوگا، جن پر سیاسی مالی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات ہوں اور جو لوگ سیاست کو تجارت سمجھ کر الیکشن میں کروڑوں روپے لگاتے اور پھر کرپشن کے ذریعے اربوں روپے وصول کرتے ہیں۔ عوام کو بھی آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔