سینیٹ الیکشن براہ راست جائیں ،عمران خان ۔لا ہور سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

320

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ خرید وفروخت کی ماہر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے سینیٹ انتخابات میں اراکین صوبائی اسمبلی کی بولیاں لگائیں‘ خطرہ تھا کہ یہ تحریک انصاف کے لوگوں کو بھی نہ خرید لیں میں مافیا کے خلاف لڑرہا ہوں‘سینیٹ الیکشن براہ راست کرائے جائیں‘ لاہور سے انتخابی مہم شروع کروں گا‘ 2018ء تبدیلی کا سال ہے‘ فیصلہ کن معرکے کا وقت آن پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن بدنظمی کاشکار رہا‘جس میں مقامی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شیخ رشید کو آئندہ انتخابات میں راولپنڈی کے کسی ایک یا دونوں حلقوں سے ٹکٹ دینے کی مخالفت کر دی جس پر عمران خان نے ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر کارکنوں کی رائے لینے کا عندیہ دے دیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک پر غربت تب آتی ہے جب اہل اقتدار وسائل کو لوٹتے ہیں‘ میں سیاست نہیں کر رہا ‘میں ایک مافیا کے سامنے کھڑا ہوں‘ یہی وجہ ہے کہ4 سال میں مجھ پر10 مقدمات قائم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں اور زرداری کے 3300 ارب روپے ملک سے باہر پڑے ہیں‘یہ میرا پیسہ نہیں لوٹا یہ عوام کی دولت ہے‘ یہ سب مافیاز ہیں جنہوں نے مجھے بھی خریدنے کی کوشش کی اور10 ارب روپے کی پیشکش کی ‘ یہ خریدو فروخت کے ماہر ہیں‘ مجھے ڈر تھا کہ سینیٹ الیکشن میں میرے لوگوں کو بھی نہ خرید لیں‘ ان کی بھی قیمت نہ لگ جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے ممبران صوبائی اسمبلی کو خریداگیا‘ ان کی قیمتیں لگائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیاب پالیسیوں کے باعث خیبرپختون خوا میں5 سال میں غربت، دہشت گردی اور جرائم کی شرح میں نصف سے زائد کمی ہوئی ہے‘ ڈیڑھ لاکھ بچے پہلی دفعہ پرائیویٹ اسکولوں سے سرکاری اسکولوں میں منتقل ہوئے‘ ہم نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت لگادیے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ پنجاب کا9 ہزار ارب روپیہ کدھر خرچ کیا‘ پنجاب میں کتنے اسپتال بنائے ۔ انہوں نے ناراض کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے ساتھی یہ مت سمجھیں کہ میں ان کو بھول گیا ہوں‘ سیاست اور نظریے میں فرق ہوتا ہے کئی لوگ ایسے ہیں جو ہمیں تانگہ پارٹی کہتے تھے لیکن آج ہماری پارٹی میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود سینیٹ کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بنی گالہ کے باہر عمران خان سے میڈیا نے جب سوال کیا کہ وہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کیوں نہیں گئے؟ تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔اس دوران عمران خان سے یہ بھی سوال ہوا کہ کیا کسی پیر نے ووٹ کاسٹ کرنے سے منع کیاہے؟ اس پر عمران خان مسکرا کر آگے بڑھ گئے۔