مصنوعات کی برانڈنگ، مارکیٹنگ اوربہتر پروموشن کے لیے اقدامات کیے جائیں، میاں زاہد حسین

418

برآمدات کے اعتبار سے تولیہ لی صنعت ٹیکسٹائل سب سیکٹر میں دوسری بڑی صنعت ہے 

پاکستان کے شمالی حصے میں اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع سےزبردست فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

کراچی;پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چےئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ تولیہ سے وابستہ مصنوعات پاکستان کی اہم برآمدی صنعت کا حصہ ہیں۔ برآمدات کے اعتبار سے تولیہ اور وابستہ مصنوعات ٹیکسٹائل سب سیکٹر میں دوسری بڑی صنعت ہے جس کا

ملکی زرمبادلہ میں قابل قدر حصہ ہے۔ پاکستان میں مختلف معیار، قسم اور سائز کے تولیے تیار کئے جاتے ہیں جو حسین رنگوں کے امتزاج کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔پاکستان میں 80کے قریب برآمداتی یونٹس ہیں جو تولیے اور متعلقہ مصنوعات امریکا، برطانیہ، جرمنی، اٹلی ، ساؤتھ افریقہ سمیت کئی ممالک میں برآمد کرتے ہیں۔ ملک کی کل پیداوار کا تقریباً 70فیصد حصہ برآمد کیا جاتا ہے۔ تولیے اوردیگر مصنوعات کی سالانہ برآمد میں تقریباً 4فیصد سالانہ اضافہ ہورہا ہے

جس کے محرکات میں سب سے بڑی وجہ بیرون ملک اس انڈسٹری کی مصنوعات کی طلب ہے۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہاٹاول انڈسٹری کی برآمدات کو بڑھانے کے لئے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت ہے تاکہ اس صنعت کی بین الاقوامی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ نیز ملک میں موجود صنعتوں کو مشینری اپگریڈیشن کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے تاکہ تولیہ کی پیداوار اور برآمدات میں اضافے سے اس انڈسٹری میں خوشحالی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھایا جاسکے۔ پاکستان کے شمالی حصے میں بطور خاص نئی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں

جن سے اس اہم ترین انڈسٹری میں نئے آنے والے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تولیہ کی برآمدات میں اضافہ کے لئے موجودہ صنعتکار پیداوار کے معیار کو بہتر کرکے نئی منڈیوں میں متعارف ہوسکتے ہیں۔ مشینری کی اپگریڈیشن اور نئی مشینری لگانے کے لئے موجودہ صنعتیں جو اپنی پیداوار کا 50فیصد حصہ برآمد کرتی ہیں یا جن کی سالانہ برآمدات 5کروڑ ڈالر یا اس سے زیادہ ہیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے قرضے بھی حاصل کرسکتیں ہیں۔ حکومت اس صنعت سے وابستہ افراد کو بین الاقوامی منڈیوں کی طلب کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے اقدامات کرے تا کہ متعلقہ افراد بین الاقوامی طلب کے مطابق اپنی مصنوعات کو بہتر کرسکیں۔ آل پاکستان ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشین کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اس شعبہ کی ترقی کے لئے موثر کردار ادا کرے۔ نیز پاکستانی مصنوعات کی برانڈنگ، مارکیٹنگ اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں ان مصنوعات کی بہتر پروموشن کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔