میرے خلاف فیصلے غصے اور انتقام میں ہو رہے ہیں، نواز شریف

538

گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا بیانیہ عوام کے دل میں اترچکااور اب عوام نے فیصلہ کن جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔گجرات کے کوٹلہ عرب علی خان اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کے ساتھ یہ سلوک ہوا کہ اسے بیٹے سے خیالی تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا گیا جس کے بعد پارٹی صدارت سے بھی نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے بہت پہلے آئے اور آج
بھی آرہے ہیں لیکن عوام کے دلوں سے نواز شریف کو کس طرح نکالو گے، اگر سب کچھ چھین رہے ہو تو میرا نام بھی چھین کر دکھاؤ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ ٹکٹوں پر نواز شریف کے دستخط ہونے کی وجہ سے ہمارے امیدواروں سے پارٹی کا نام چھین لیا گیا، نواز شریف کی مہر اور دستخط ایٹمی پروگرام کے اعلان پر بھی ہے، کیا ایٹمی پروگرام کو بھی ختم کردیا جائے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ موٹروے کو ختم کردو، ہوائی اڈے بھی ختم کردو ان پر بھی نواز شریف کا نام ہے،کون کون سے جج نواز شریف کے دستخطوں سے اعلیٰ عدالتوں میں بیٹھے ہوئے ہیں کیا انہیں بھی ختم کردیا جائے گا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلے غصے اور انتقام میں آرہے ہیں اور یہ انتقام نواز شریف سے لیا جارہا ہے، عوام نے 2018ء کے انتخابات میں صرف ووٹ نہیں ڈالنا بلکہ انقلاب لانا ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہمنصف کاکام انصاف دینا ہے قسمیں کھا کر وضاحتیں دینا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں تاریخ رقم کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، ارکان اسمبلی نے کوئی دباؤ نہیں لیا اور نہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی کا نام چھن جانے کے باوجود مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، ایک عدالت سے نواز شریف کے خلاف فیصلے آتے ہیں اور ایک عوامی عدالت ہے جو نواز شریف کے حق میں فیصلے دے رہی ہے۔