عالم اسلام شام کے لیے مؤثر آواز اٹھائے،حافظ زبیر عباسی

177

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ زبیرعباسی نے کہا ہے کہ شام کے ظالم حکمران بشارالاسد نے شام میں انسانیت کی بدترین تذلیل کی ہے لہٰذااسے عالمی مجرم قرار دیا جائے۔ عالمی امن قائم کرنے والے ادارے اور ہمارے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے اور اس دردناک ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی ہو گی۔ آخر کب تک ہمارے بہن بھائیوں کو اس طرح بے دردی سے مارا جاتا رہے گا۔حکومت پاکستان فی الفور شام سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کرے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کا قتل عام، عورتوں اور بچوں کو زندہ جلانے پر عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے، حدیث شریف کا مفہوم ہے کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں،اہل شام کا درد ہمارا درد ہے،ہمارے دل اہل شام میں رہنے والوں کے لیے بھی دھڑکتے ہیں۔شام کے ظالم حکمرانوں نے شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی ہے لہٰذا اس کے خلاف ہر مسلمان کو آواز اٹھانی چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ عالم اسلام شام کے لیے مؤثر آواز اٹھائے،اقوام متحدہ اور او آئی سی کی مجرمانہ خاموشی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ اسلامی جمعیت کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان شام کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کرے اور سفارتی سطح پر اس حوالے سے اقدامات اٹھائے۔