کرپٹ افراد کا بلا امتیاز احتساب ضروری ہے، احسن ملک

170

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیرنعمان احسن ملک،یوسف گل پراچہ اور دیگر نے کہا ہے کہ پاکستان 22 کروڑ عوام کا ملک ہے مگر بدقسمتی سے صرف پانچ سو خاندانوں نے اس کے اقتدار پر قبضہ جما رکھا ہے۔ جب تک حقیقی عوامی نمائندے برسر اقتدار نہیں آجاتے ملک میں مثبت تبدیلی رونما نہیں ہوسکتی۔ صرف ایک شخص کی خاطر قانون سازی جمہوری اداروں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ لوگوں میں حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت جمہوری عمل سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ نعمان احسن ملک نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے کرپٹ افراد کا بلا امتیاز احتساب ضروری ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ احتسابی عمل کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ ماضی میں احتساب کے دعوے تو کیے جاتے تھے مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوپاتا تھا۔ اس کی واضح مثال ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کو کرپشن کے جرم میں فارغ کیا گیا ہے۔ اب احتساب کے اس عمل کو جاری وساری رہنا چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس حوالے سے عدلیہ سے تعاون کرنا چاہیے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے اور وطن عزیز پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب بڑھ سکے۔