چیف جسٹس سینیٹ انتخابات میں دولت کے استعمال کا نوٹس لیں

179

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن اور دولت کے استعمال کا نوٹس لیں، ایوان بالا کے انتخابات کو شکوک و شبہات سے دور کرنے کے لیے تمام منتخب سینیٹرز سے ایوان میں حلف اٹھانے سے قبل بیان حلفی لیا جائے کہ انہوں نے کامیاب ہونے کے لیے ووٹ تو نہیں خریدا، جو سینیٹر بیان حلفی دینے کے لیے تیار نہ ہو اس کے سینیٹ کا حلف اٹھانے پر پابندی عائد کی جائے۔ جماعت اسلامی اپنے منتخب سینیٹر کو سب سے پہلے پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ کی بنیاد پر الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے، اغوا برائے تاوان کا کھیل کھیلا گیا ہے، جو سیاست اور جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ ملک اور سیاست کو سیاسی و مالی کرپشن کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے۔