سرمایہ دار طبقے نے جمہوریت‘ پارلیمنٹ اور سینیٹ پر خودکش حملہ کیا‘ مشتاق خان

206

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد کے لیے آنے والوں کا دوسرے روز بھی تانتا بندھا رہا۔ نومنتخب سینیٹر کو ملک کی معروف شخصیات نے ٹیلی فون پر بھی مبارکباد دی جن میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، وفاقی وزیر اکرم خان درانی، مسلم لیگ ن کے نومنتخب سینیٹر مشاہد حسین سید، پی ٹی آئی کے نومنتخب سینیٹر اعظم خان سواتی،سری لنکا میں پاکستان کے سفیر جنرل (ر) شاہد حشمت، ڈسٹرکٹ ناظم بونیر ڈاکٹر عبید، ضلع ناظم لوئر دیر محمد رسول خان، صوبائی وزیر عشر و زکوٰۃ و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، سینیٹر انوار الحق کاکڑ شامل ہیں۔ مشتاق احمد خان نے مبارکباد کے لیے آنے والوں اور فون کے ذریعے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اصولوں کا پرچم سر بلند رکھا اور ایک پارٹی ورکر کو ایوان بالا میں پہنچایا۔ پیرا شوٹ کے ذریعے آنے والے دولت مندوں سے پارٹی میں آنے والوں کی وجہ سے جمہوریت کمزور ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیوں، ایوانوں اور حکومتوں کے اوپر شوگر ملز مافیا اور دوسرے دولت مند طبقے کا قبضہ بتدریج بڑھ رہا ہے۔ جب تک سیاست نظریاتی کارکنوں کو منتقل نہیں کی جائے گی اس وقت تک جمہوریت مستحکم ہوسکتی ہے، نہ ادارے مستحکم ہوسکتے ہیں اور نہ جمہوریت ڈیلیور کرسکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن بدترین ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لے ۔ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے سرمایہ دار طبقے نے جمہوریت، پارلیمنٹ اور سینیٹ کے او پر خودکش حملہ کیا ہے۔ یہ طبقہ پیسوں کے ذریعے ضمیروں کا سودا کرکے اور ووٹوں کی خریدوفروخت کرکے پارلیمنٹ کو تباہ کرنے پرُ تلا ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن ، چیف جسٹس آف پاکستان اس کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اسلام ، پاکستان اور عوام ہماری ترجیح ہیں، پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے ، حقیقی جمہوریت اور ترقی یافتہ پاکستان جماعت اسلامی ہی دے سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ہر امتحان میں سرخرو ٹھہرے گی۔