ایفی ڈرین کیس: تمام فریقوں کو 12 مارچ تک حتمی دلائل مکمل کرنیکا حکم

222

راولپنڈی (آن لائن) کسٹم راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج شیراز کیانی نے سابق رکن قومی اسمبلی و چیئرمین میٹرو بس سروس حنیف عباسی سمیت 8 ملزمان کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں فریقین کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ تاریخ پر حتمی دلائل مکمل کریں۔ پیر کے روز سماعت کے موقع پر ایفی ڈرین کیس میں نامزدگریس فارما کے مالک حنیف عباسی، ان کے بھائی وحماس فارما کے مالک باسط عباسی، چچا زاد بھائی و فیکٹری منیجر سراج احمد عباسی، برادر نسبتی و مارکیٹنگ منیجر رانا محسن خورشید، پروڈکشن منیجر غضنفر علی، کوالٹی کنٹرول منیجر ناصر خان، اے بی فارما سیوٹیکل کے مالک احمد بلال اور نزاکت خان سمیت 8 ملزمان کے علاوہ اے این ایف کے وکیل اور لیگل انسپکٹر مرزا عبدالرحمان بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کا اضافی چارج ہونے کے ناطے عدالت کو اس کیس کے حتمی دلائل سننے اور اس پر فیصلے کا مکمل قانونی اختیار ہے عدالت نے قرار دیا کہ عدالت اس کیس میں فیصلہ محفوظ نہیں کرے گی بلکہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر اسی روز فیصلہ سنایا جائے گا، عدالت نے حتمی دلائل کے لیے 12 مارچ تک سماعت ملتوی کر دی۔