خالد محمود شیخ ایم ڈی واٹر بورڈ مقرر‘آج ذمے داریاں سنبھالیں گے 

127

کراچی( رپورٹ: محمد انور )حکومت سندھ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے ایکس پی سی ایس افسر خالد محمود شیخ کو تعینات کر دیا ہے۔ ان کے تقرر کا نوٹیفکیشن منگل کو چیف سیکرٹری سندھ نے جاری کردیا ہے۔ خالد محمود شیخ آج بدھ کو ایم ڈی واٹر بورڈ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ اس سے قبل سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کرا چی، بلدیہ عظمی کراچی اور سندھ گورنمنٹ کی اہم اسامیوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نمائندہ جسارت سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے کے مالی امور اور اس کی گرتی ہوئی ساکھ کو بہتر بنانا ان کی ترجیحات ہونگی۔ میری کوشش ہوگی کہ
ادارے کے تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل انجینئرز کی مدد سے ٹیکنیکل نوعیت کے مسائل کا سدباب کیا جائے گا۔ واٹر ہائینڈرینٹ سے ہونے والی آمدنی میں اضافے کے ساتھ لائنوں کے ذریعے صارفین کو پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے۔ خالد محمود شیخ نے کہا کہ کے فور اور ایس تھری کے منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کی اسامی سابق ایم ڈی ہاشم رضا زیدی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے 27 فروری سے خالی تھی۔ یہ اسامی گریڈ 20 کی ہے تاہم حکومت نے گریڈ 19 کے سینئر افسر خالد محمود شیخ کو تعینات کیا ہے۔ وہ ماضی میں واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی فنانس بھی رہ چکے ہیں۔