پراپرٹی ایکسپو صوبے کے سرمایہ کاروں کے لیے نیک شگون ہے

128

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پشاور 2008ء سے 2015ء تک دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا ہے، خونی دور تھا، جس میں صوبے سے سرمایہ کار دوسرے علاقوں میں منتقل ہوگئے اور پشاور سمیت پورے صوبے میں معاشی سرگرمیاں ماند پڑگئیں۔ گزشتہ تین سال سے امن دوبارہ لوٹ آیا ہے اور صوبے میں معاشی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں موجودہ پراپرٹی ایکسپو صوبہ کے سرمایہ کاروں کے لیے نیک شگون ہے اور پورے ملک سے آئے ہوئے کاروباری حضرات کو پشاور میں ایکسپو کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، سب نے مل کر ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے اور اس سے پشاور کا مثبت چہرہ نظر آئے گا۔ وہ پشاور میں اپنی نوعیت کے پہلے پراپرٹی ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حامدالحق، میڈیا انچارج محمد اقبال اور پورے ملک سے آئے ہوئے پراپرٹی ڈیلرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ پشاور ایک تاریخی شہر ہے اور یہ بڑی تاریخ رکھتا ہے، اس تاریخی شہر کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایکسپوز سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ خوبصورت اور جدید بستیاں آباد ہوں تاکہ بڑے شہروں پر بوجھ کم سے کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک سے آئے ہوئے مہمانوں کو پشاور میں خوش آمدید کہتے ہیں۔