انڈس اسپتال: گردوں کی بیماری سے بچاؤ کے لیے خواتین اپنی صحت کا خیال رکھیں، ماہرین صحت

488

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈس اسپتال، شیخ سعید میموریل کیمپس میں 8 مارچ 2018ءکو گردوں کے عالمی دن کے موقع پر آگہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ رواں برس اس دن کا موضوع ”گردے اور عورتوں کی صحت۔ شامل کریں، قدر کریں اور با اختیار کریں“ ہے۔ اس موقع پر ماہرین کا کہنا تھا کہ گردے انسانی جسم کا نہایت اہم عضو ہیں اور خواتین کو ان کا خیال رکھنا چاہیے۔ اس موقع پر عوامی آگہی کے لیے لیکچرز کے ساتھ ساتھ دیگر معلوماتی اور طبی سرگرمیاں بھی کی گئیں۔ کرانک کڈنی ڈیزیز (سی کے ڈی) دنیا بھر میں دس فی صد بالغ افراد کو متاثر کرتی ہیں اور دنیا بھر میں موت کا سبب بننے والی بیس بیماریوں میں سرفہرست ہیں۔ دنیا بھر میں قریباً 195 ملین خواتین ان بیماریوں کا شکار ہوتی ہیں اور اس وقت یہ خواتین میں اموات کی آٹھویں اہم ترین وجہ ہے۔ سی کے ڈی کے باعث ہر سال قریباً چھ لاکھ خواتین موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔ خواتین میں سی کے ڈی سے متاثر ہونے کے امکانات مردوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ اس سال ڈاکٹر وں کی توجہ کا مرکز دوران حمل ہونے والے گردوں کے مسائل، پیشاب کی نالی کے انفیکشنز، کینکٹیو ٹشوز کی بیماری اور خاص طور پر اسسٹیمک لوپس ارتھمیٹوسس ہیں۔ تقریب کے دوران نیفرولوجسٹس نے بتایا کہ حمل بھی گردے کے امراض کی ایک اہم وجہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین غذائیت اور خوراک کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے قریباً نصف مریضوں کو گردے کے امراض ہو جاتے ہیں اس لیے ذیابیطس کے مریضوں کو باقاعدگی سے گردوں کا معائنہ کروانا چاہیے۔ انہوں نے مریضوں کو مشورہ دیا کہ نمک اور پراسیسڈ خوراک کا استعمال کم سے کم کریں۔ ماہرین صحت نے گردوں کی جانچ کے مفت ٹیسٹ بھی کیے۔ مریضوں کا بلڈ پریشر اور بی ایم آئی بھی ٹیسٹ کیا گیا۔ جانچ کے دوران مریضوں سے سوالات کیے گئے اور اس بات کا تعین کیا گیا کہ ان میں سے کسی کو گردوں کی بیماری یا اس کا خطرہ تو نہیں۔ ڈاکٹروں نے گردے کی بیماریوں کے متعلق معلومات بھی فراہم کیں۔ ان ڈاکٹروں میں ڈاکٹر اشعر عالم، سینئر کنسلٹنٹ نیفرولوجسٹ اور میڈیکل ڈائریکٹر ٹی آئی ایچ ڈاکٹر فرح باری، سینئر منیجر ایڈمنسٹریشن شیخ سعید میموریل کیمپس ڈاکٹر شوکت میمن، کنسلٹنٹ نیفرولوجسٹ ڈاکٹر خضرہ انور، کنسلٹنٹ گائنی کولوجسٹ ڈاکٹر فہد نسیم خان، سینئر رجسٹرار نیفرولوجی ڈاکٹر عائشہ ولی، کنسلٹنٹ گائنی کولوجسٹ ڈاکٹر حسینہ، سینئر ریذیڈنٹ سلمیٰ صدیقی، سینئر کلینیکل نیوٹریشنسٹ اور بشریٰ ماہر خوراک شامل تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ شیخ سعید میموریل کیمپس زچہ و بچہ کے علاج کی خصوصی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ یہ اسپتال شیخ سعید میموریل ٹرسٹ کی جانب سے قائم کیا گیا اور 2015ءمیں اس کا انتظام و انصرام انڈس اسپتال کے سپرد کردیا گیا۔ انڈس اسپتال گردوں کے تمام مریضوں کے لیے ان پیشنٹ، آﺅٹ پیشنٹ اور ڈائیلائسز خدمات فراہم کرتا ہے۔ ڈائیلائسز کے مریضوں کا علاج کورنگی کیمپس اور الفاکر ٹرسٹ کیمپس، پی آئی بی کالونی میں کیا جاتا ہے۔ کورنگی کیمپس میں 15 جب کہ الفاکر کیمپس میں 20 ڈائیلائسز مشینیں موجود ہیں۔ انڈس اسپتال میں فی الوقت ڈائیلائسز کے 130مریض رجسٹرڈ ہیں جب کہ ہر ہفتے 400 ڈائیلائسز ٹریٹمنٹ کیے جاتے ہیں۔ انڈس اسپتال میں کنٹینوئس رینل ری پلیسمنٹ تھراپی ڈائیلائسز مشین بھی موجود ہے جوشدید نوعیت کے مرض میں خاص طور پر استعمال ہوتی ہے۔