کراچی ( اسٹا ف رپورٹر )بائیکوپیٹرولیم پرائیوٹ لمیٹڈ نے مستقبل قریب میں 2نئی آئل ریفائنری لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے اپنے فرنس آئل کو اپ گریڈ کرنے کے پروجیکٹ لانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت فرنس آئل پلانٹ کوایف سی سی ( فلوڈکیتھلیٹک کریکنگ )پلانٹ میں تبدیل کیا جائیگا ،ایف سی سی پلانٹ کے ذریعے خام تیل سے تیار پیٹرول کی پیداوار معمول سے بڑھ جائے گی
جبکہ بائیکو پیٹرولیم نے انڈسٹری گنجائش کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات تیار کرنے کے کام کا آغاز کر دیا ہے ،بائیکو پیٹرولیم کی پیدواری صلاحیت1لاکھ55ہزار بیرل یومیہ ہے جبکہ اس وقت 75ہزار بیرل یومیہ پر ریفائنری پروڈکشن کی جا رہی ہے ۔بائیکو پیٹرولیم لمیٹڈ کے وی پی کمرشل اسد اظہر صدیقی نے حب میں واقع بائیکو ریفائنری کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ بائیکوکی چھوٹی ریفائنری کی گنجائش 35ہزار بیرل اور بڑی ریفائنری کی گنجائش 1لاکھ20ہزار بیرل یومیہ ہے پہلے سے طے شدہ پلان کے مطابق ریفائنری75ہزار بیرل کی پیداوار پر چلائی جا رہی ہے
مگر مارکیٹنگ کمپنیز اور حکومت پاکستان کے اقدامات کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی آئی ہے اس لئے مقامی طلب کو پورا کرنے کیلئے اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق پیداوار کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور پیداوار میں اضافے کو بتدریج بڑھائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ڈیمانڈ 27ملین ٹن ہے اسکا 40فیصد مقامی سطح سے پوری کر رہے ہیں جبکہ60فیصد درآمد کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسز کے مطابق فرنس آئل کی جگہ ایل این جی کو ملنے کی وجہ سے خام تیل سے فرنس آئل کی پیداوار کو کم کرنا ضروری ہو گیا ہے اس لئے فرنس آئل تیار کرنے والے پلانٹ کو ایف سی سی پلانٹ میں تبدل کر رہے ہیں
اس پلانٹ سے ریفائن کے بعد پیٹرول کی پیداوار زیادہ ہو تی ہے کیونکہ ملک میں پیٹرول کی کمی ہے اور پیٹرول کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی کم ہے اس لئے ہماری نظر میں اسکی اہمیت زیادہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بائیکو کی 2ریفائنری اس وقت فعال ہیں جبکہ مزید 2ریفائنری لگانے کا منصوبہ بنایا ہے اسی طرح حکومت سے مزیددو ایس پی ایم( سنگل پوائنٹ مورنگ)کی اجازت حاصل کرنے کیلئے درخواست دید ی ہے منظوری ملنے کے بعد ریفائنری نظام مزید سہل ہو جائیگا اور پیداوار میں بھی بہتری آئے گی ۔