ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے

219

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر عبدالستار بیگا اور رانا نعیم اکرم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن گیا ہے۔ ہر سال اربوں کھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کو تلپٹ کردیا ہے۔گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دوراقتدار میں بھی کرپشن کا راج ہے۔اوپر سے لیکر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔میاں زبیرلطیف نے کہاکہ اب تک اقتدارمیں آنے والی ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے پانامالیکس کے معاملے پرشوروغوغا،چور مچائے شور والی بات ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کو قوم کے سامنے لایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 10سے12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کی آکاس بیل پاکستان کی سیاست، سول وملٹری اور بیورو کریسی کواپنے حصار میں لیے ہوئے ہے۔جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کونہیں پکڑاجائے گا، نچلی سطح پر کرپشن کاقلع قمع ممکن نہیں۔ رہنماؤں نے مزیدکہاکہ کرپشن کامرض چھوت کی طرح پھیل چکا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں احتساب کانظام رائج کرتے ہوئے بلاتفریق کام شروع کیاجائے۔