مشال خان قتل کا مرکزی ملزم 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

183

مردان (آن لائن) عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے طالبِ علم مشال خان کے قتل کے مرکزی ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم عارف کو سخت سیکورٹی میں بکتر بند گاڑی میں پہلے مردان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم جج کی غیر حاضری کے باعث انہیں پھر سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں پیشی کے دوران پولیس کی جانب سے ملزم عارف کے 10 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے صرف 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے مشال خان قتل کیس کے مرکزی ملزم عارف کو گرفتارکرنے کا دعوی کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ مشال خان کے قتل کے بعد ملزم عارف نے ایک اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس میں اس نے مشال خان کے قتل کو جائز قرار دیا تھا۔