کنٹرول لائن پر پھر بھارتی  فائرنگ‘ 4پاکستانی شہری زخمی

178

راولپنڈی (آن لائن) بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی ،شہری آبادی پر فائرنگ سے 4شہری زخمی ہوگئے ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی ،متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کردیں۔ آئی
ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے۔ کنٹرول لائن پر ہفتے کے روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی جانب سے 82 ایم ایم گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 شہری شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائر کے بعد پاک فوج نے بھی فوری حرکت میں آتے ہوئے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔ جبکہ متعدد بھارتی فوجیوں کے جہنم واصل ہو جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔