اسکول ہی انٹرپرینیورشپ کی تعلیم فراہم کی جائے ۔ محمد نوید

478

اسلام آباد:اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے سکول کی سطح سے ہی طلبا کو انٹرپرنیورشپ کی تعلیم فراہم کی جائے اور حکومت انٹرپرنیورشپ کے مضمون کوسکول نصاب میں شامل کرنے کیلئے فوری ضروری اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر ایچ تھرٹین میں اسپائر گروپ آف کالجز کے سیوی سکول کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تیز رفتار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے نوجوانوں میں انٹرپنیورشپ کو فروغ دینا بہت ضروری ہے لہذا انہوں نے سکولوں پر زور دیا کہ وہ طلبا کو انٹرپرینیورشپ کی تعلیم فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے تاکہ ہمارے نوجوان کاروبار کی طرف راغب ہو کر ملک کیا اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے ملک میں سرکاری و نجی شعبے میں روزگار کے بہتر مواقع موجود نہیں ہیں ۔ ان حالات میں طلبا کو کاروبار کی راغب کر کے ملک سے بے روزگاری کا مسئلہ بہتر طور پر حل کیا جا سکتا ہے کیونکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کر کے نہ صرف خود معاشی طورپر خوشحال ہوں گے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر کے غربت و بے روزگاری پر قابو پانے میں مثبت کردارا ادا کریں گے۔
محمد نوید نے کہا کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ملک کا عظیم سرمایہ ہیں تاہم اگر انہیں زیور تعلیم سے آراستہ نہ کیا گیا تو وہ ملک کیلئے ایک بوجھ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے نوجوان نسل کو ہنر مندی اور تکنیکی تعلیم فراہم کر کے تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکول کی سطح سے ہی طلبا کو ہنر مندی اور پیشہ وارانہ و تکنیکی تعلیم فراہم کرنے پر توجہ دی جائے تا کہ ہمارے نوجوان ملک کی صنعتی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے اسپائر گروپ آف کالز کی طرف سے سیکٹر ایچ تھرٹین میں نیا سیوی سکول کھولنے کے اقدام کو سراہا اور اس امید کااظہار کیا کہ اس سے علاقے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر چوہدری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
سیوی سکول کے پرنسپل چوہدری مدثر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کاسکول سسٹم اپنے طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے اور ہمارے طلبا قومی و عالمی مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیوی سکول سسٹم عالمی تعلیم یافتہ ٹیم کے زیر نگرانی چل رہا ہے اور ہمارے سکول طلبا کو نصابی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور کردار سازی پر بھی توجہ دیتے ہیں تا کہ طلبا جب عملی زندگی میں قدم رکھیں تو وہ ان تمام خصوصیات سے لیس ہوں جو زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے سکول کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور دیگر وفدکا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کے ممبران طلبا کو انٹرپنیورشپ پر لیکچر دینے اور اپنے تجربات ان سے شیئر کرنے کیلئے سکول کا دورہ کرتے رہا کریں گے تا کہ وہ طلبا کو انٹرپنیورشپ کی طرف راغب کرنے میں مثبت کردار ادا کریں