رواں برس کی تیسری انسداد پولیو مہم کا آغاز، 81 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے

353

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر میں رواں برس کی تیسری انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ مجموعی طور پر 81 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کراچی میں مہم پانچ روز جب کہ دیہی سندھ میں تین روز جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے چھ اضلاع سمیت صوبے کے23 دیہی اضلاع میں بھی پولیو کے خلاف رواں سال کی مسلسل تیسری مہم شروع ہو گئی ہے، پہلے روز مہم کام یابی سے جاری رہی اور کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو (ای او سی) کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 20 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، یہ مہم پانچ روز کی ہوگی جو 16 مارچ تک جاری رہے گی جب کہ اگلے دو روز (کیچ اپ کوریج) مہم میں رہ جانے والے بچوں قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم میں 12 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں جب کہ ان کی حفاظت پر5 ہزار پولیس کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ای او سی کے مطابق سندھ کے 23 دیہی اضلاع میں مہم تین روز پر مشتمل ہے، 44 ہزار پولیو ورکرز فرائض انجام دیں گے اور اس دوران 61 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی جب کہ مہم کے تین روز مکمل ہونے کے بعد اگلے دو روز کیچ اپ کوریج ہوگی۔ ایمر جنسی آپریشن سینٹر سندھ کے کوآرڈی نیٹر فیاض جتوئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 2017ءمیں پورے ملک سے پولیو سے متاثرہ 8 کیس رپورٹ ہوئے تھے جن میں 2 کیس کراچی کے بھی شامل تھے تاہم اس سال تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو حوصلہ افزاءاور خوش آئند ہے۔