جوتے اور سیاہی پھینکنے کا کلچر انتہائی نامناسب ہے ،حافظ ادریس

127

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے سابق وزیراعظم نوازشریف پر جوتا پھینکے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جوتے اور سیاہی پھینکنے کا کلچر انتہائی نامناسب اور افسوسناک ہے جس کو اسلام اور مہذب معاشرہ کسی صورت پسند نہیں کرتا ۔ عوام اگر کسی کو ناپسندیدکرتے ہیں تو اس کا ایک آئینی طریقہ موجود ہے اور وہ ووٹ کا استعمال ہے ایسے لوگوں کو اپنے ووٹ کی قوت سے اقتدار اور اختیار سے الگ کرنا چاہیے ۔ جماعت اسلامی ہمیشہ ایسے غیر مہذب اور ناشائستہ رویوں کے خاتمہ کی بات کرتی رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر جوتے پھینکنا تہذیب سے گری ہوئی حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے ، کم ہے اور اگر یہ کلچر جاری رہا تو پھر کسی کا بھی عزت و وقار قائم نہیں رہے گا اس لیے تمام سیاسی قائدین نے اس کی کھل کر مذمت کی ہے ۔ ملک کو انتشار اور انارکی سے بچانے ، سنجیدہ اور مہذب سیاسی کلچر کو پروان چڑھانے اور فروغ دینے کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنان کی تربیت کرنی چاہیے اور برداشت کے کلچر کو رواج دینا چاہیے ۔