نوجوان جدید ذرائع کوملکی ترقی وخوشحالی کیلیے استعمال کریں

123

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصوداحمدنے کہاہے کہ نوجوان جدید ذرائع کوپاکستان کی ترقی وخوشحالی اور اسلام کے فروغ کیلیے استعمال کریں ،عام انتخابات میں سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کا اہم کردارہوگا ،یونین کونسل اوروارڈ سطح پرنوجوانوں کی ٹیمیں بنائیں اورانہیں اسلامی پاکستان کا سفیربناکرمثبت ورکنگ پرآمادہ کریں ،ہماری سب سے بڑی قوت اخلاق ہے، ہم نبی اقدس ﷺکے مشن کولے کراٹھے ہیں ،ہمارا اخلاق وکردارنبی ؐکی طرح ہونا چاہیے ۔ان خیالا ت کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی پنجاب شمالی کی سوشل میڈیا ورکشاپ برائے الیکشن 2018ء کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی ڈائریکٹرآئی ٹی شمس الدین امجد، صوبائی ڈائریکٹرمیاں محمدزمان ،ٹرینراخترعباس ، امرائے اضلاع شمس الرحمن سواتی اورعارف شیرازی سمیت دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا ۔ورکشاپ کے دوران شرکا کوٹیکنیکل ٹریننگ بھی دی گئی۔اس موقع پربہترین سوشل میڈیا کارکردگی پرتین اضلاع کے ڈائریکٹرز کو اعزازی شیلڈزبھی دی گئیں۔ میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن کی انفرادیت ہونی چاہیے گالی گلوچ اورالزامات ہمارا کلچر اور پالیسی نہیں ،ہربات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا ، اگر جواب ناگزیر ہوتو اخلاقیات کے دائرہ کارکوملحوظ رکھا جائے ۔ شمس الدین امجد نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہمیں دوسروں کے ٹرینڈ کے ساتھ نہیں بہنا بلکہ انہیں اپنا ٹرینڈ دینا ہے ،جماعت اسلامی کا بیانیہ دوسرو ں کی برائی نہیں بلکہ اپنی خوبی اور اچھائی کی سیاست کرنا ہے ۔ ہمارے منتخب نمائندوں نے ہمیشہ اپنا آپ منوایا ،خیبر پختونخواکی حالیہ حکومت کی اصلاحات کاسہرا جماعت اسلامی کے سینئروزیرعنایت اللہ خان کے سرجاتا ہے جوپولیس،بلدیات سمیت 10 کمیشنز کے سربراہ تھے اور انہوں نے صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کے ذریعے صوبے کے عوام کو ریلیف دیا ۔