اختلافات کو نفرت میں بدلنے والا رویہ قوم کیلیے تباہ کن ثابت ہوگا،صدر ممنون

163

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جامعہ نعیمیہ میں جوتا مارنے اور ایک تقریب میں خواجہ آصف پر سیاہی پھینکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر دکھی ہوں اور عدم برداشت کا رجحان ملک کو تباہی کی طرف گامزن کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے سدباب کے لیے قوم یکجا ہو جائے کیونکہ اختلاف شائستگی کی حدود سے نکل جائے تو معاشرہ فساد فی الارض کا شکار ہوجاتا ہے اور اس صورت میں ہوش و خرد کی آواز دب جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم برداشت کا خاتمہ نہ ہوا تو نا کسی فرد کی عزت محفوظ
رہے گی اور نا کسی ادارے کی۔ عدم برداشت پر قابو نہ پایا گیا تو دہشت گردی کیخلاف کامیابی ناکامی میں بدل سکتی ہے۔ صدر مملکت کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ قوم میثاق اخلاق پر متحد ہوجائے اور معاشرے کو عدم رواداری اور تشدد سے پاک کرنے کے لیے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شہری کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرے اور تمام طبقات اختلاف کا اظہار دینی تعلیمات اور آئین کی حدود کے اندر رہتے ہوئے کریں۔