امام کعبہ کی آرمی چیف سے ملاقات،باہمی امور پر تبادلہ خیال

175

راولپنڈی (آن لائن/ صباح نیوز) امام کعبہ شیخ صالح بن محمد نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ سے ملاقات کی‘ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز آرمی چیف سے ملاقات میں امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان کو مسلم دنیا میں اہم مقام حاصل ہے اور یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی ہے دونوں ممالک امت کی بھلائی کیلیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، دونوں ممالک امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقا کے آرمی چیف نے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور جنرل باجوہ سے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دفاعی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جنوبی افریقا کے آرمی چیف کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہیں علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔ جنوبی افریقا کے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔