پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات، چیف سیکرٹری کی تعاون کی یقین دہانی

660

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے جو ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد، سیکریٹری جنرل پی ایم اے سینٹر اور ڈاکٹر عبدالغفور شورو جنرل سیکریٹری پی ایم اے کراچی پر مشتمل تھا، چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن سے ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ میں ہیلتھ ڈیلیوری سسٹم کی موجودہ صورت حال اور اس کو درپیش مسائل زیر بحث آئے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق سندھ کے ڈاکٹر بشمول جنرل کیڈر، اسپیشل کیڈر اور ڈینٹل سرجنز کی ترقیوں کا معاملہ، ڈاکٹروں کو ٹائم اسکیل پروموشن دیے جانے کا مسئلہ، سندھ کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں دوسرے صوبوں کے مساوی کرنے کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے مرحوم ڈاکٹروں کے پس ماندگان کے لیے معاوضے کی رقم، صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور خاص طور پر ڈاکٹروں کی سیکورٹی کے معاملات اور سندھ میں پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسوں کے مسائل پر بھرپور بات چیت کی گئی۔ مقاصد کے حصول کے لیے یہ ملاقات بہت کام یاب رہی۔ چیف سیکریٹری نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا اور وفد کے بیان کردہ مسائل بڑے صبر اور خوش دلی سے سنے اور ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر 5600 سے زائد ڈاکٹروں کو سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ترقیوں کے حوالے سے چیف سیکریٹری نے بتایا کہ پچھلے ہفتے 1069 ڈاکٹروں کو گریڈ 18 سے 19 میں ترقی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ باقی ماندہ ڈاکٹروں کو بھی جلد از جلد ترقی دے دی جائے گی۔ ملاقات کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ چیف سیکریٹری آفس اور پی ایم اے کے درمیان ایک اچھا ورکنگ ریلیشن قائم کیا جائے گا تاکہ سندھ کے صحت کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جا سکیں۔