کل راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہ جے آئی یوتھ کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں 

191

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈ ی سید عارف شیرازی نے کہا کہ گزشتہ دنوں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے عہدیداروں کے حلف کی تقریب اور یوتھ کنونشن 16 مارچ کو آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد اور مرکزی صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل مہمانان خصوصی ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 62 سے جماعت اسلامی کے امیدوار رضا احمد شاہ کے پبلک سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗ نائب اُمراء سید عزیر حامد ٗ رضا احمد شاہ ٗ امیر جماعت اسلامی پی پی 15 سید ارشد فاروق ٗجے آئی یوتھ کے قائم مقام ضلعی صدر ملک عمران اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اس اجلاس میں 16 مارچ کوبعد نماز مغرب راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والی جے آئی یوتھ کی حلف کی تقریب اور یوتھ کنونشن کی تیاریو ں اور انتظاما ت کا تفصیلی جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ یہ اعزاز صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہوا ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے ہیں ۔الحمد للہ ! ہمارے نوجوان بڑے باصلاحیت ہیں ۔جماعت اسلامی گلی محلے کی سطح پر نوجوانوں کو منظم کرکے قیادت ان کے سپرد کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں نوجوان بڑی تعداد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں اکٹھے ہو رہے ہیں ۔ پاکستان کا مستقبل نوجوان ہی سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلیے سراج الحق کا ساتھ دیں۔پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ ان شا ء اللہ پاکستان ایک مثالی اسلامی ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا مقام ضرور حاصل کرے گا۔