ویب سائٹس کی بولتی بند

252

رواں سال کے آغاز سے گوگل نے اپنے مشہور زمانہ ویب براؤزر کروم کے لیے اپڈیٹس کا آغاز کیا تھا جو نت نئی خصوصیات کی حامل ہیں، جن میں ایسی ویب سائٹس کو مستقل طور پر خاموش کرنے کی صلاحیت بھی ہے جہاں آپ جب بھی جائیں، کوئی نہ کوئی وڈیو، یا آڈیو، خود بخود چل پڑتی ہے اور دماغ خراب کرتی ہے۔
عام طور پر گوگل کروم اپڈیٹس میں بگ فکس کیے جاتے ہیں یا پھر سیکورٹی کے حوالے سے دیگر ضروری بہتریاں ہوتی ہیں یعنی ہمیں اپنی روزمرہ براؤزنگ میں شاید ہی کبھی کوئی فرق محسوس ہوتا ہو۔ لیکن اب کروم ایسی واضح خصوصیات کے اضافے کررہا ہے جن میں سے ایک یہ بھی ہے۔
کروم صارفین اب کسی بھی ٹیب پر رائٹ کلک کرکے Mute Site پر کلک کرکے یقینی بنا سکتے ہیں کہ اب یہ سائٹ ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی ہے۔ آپ ایڈریس بار کے انتہائی بائیں جانب آخر میں موجود پیڈلاک پر کلک کرکے نیچے Sound میں جاکر اور Block کو بھی منتخب کر سکتے ہیں۔ تجربے کے دوران پایا گیا کہ سائٹ incognito موڈ میں بھی کھولی جائے تو اس کی آواز بند ہی رہتی ہے جس کا مطلب صرف کیشے کلین کرنے سے ہی سائٹ کے بارے میں کروم کی یادداشت ختم ہوگی، ورنہ اس کی بولتی بند ہی رہے گی۔ ہاں! اگر آپ درمیان میں اس ویب سائٹ سے آواز سننا چاہتے ہیں تو آپ ٹیب پر رائٹ کلک کرکے Unmute site کر سکتے ہیں۔
ماضی میں Mute tab ایک عارضی حل تھا یعنی کہ جب تک ٹیب کھلا ہوا ہے تب تک تو ایسا ہوتا تھا لیکن جیسے ہی آپ دوبارہ ویب سائٹ پر جائیں، یہ ایک مرتبہ پھر تنگ کرنا شروع ہو جاتی تھی۔ یوں صارف کو ہر مرتبہ سائٹ کو mute کرنا پڑتا تھا۔
ویسے تو کروم خودکار طور پر اپڈیٹ ہوتا ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو جلدی سے کروم اپڈیٹ کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔