آئندہ بجٹ میں مزدوروں کے تحفظات پر بھی غور کیا جائے،خالد محمود چودھری

137

فیصل آباد( وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے کے کارکنوں نے سینئر نائب صدر لاہور ڈویژن خالد محمود چودھری کی قیادت میں لاہور میں ہونے والی مرکزی مجلس عاملہ میں شرکت کے لیے جانے والے کوئٹہ ڈویژن کے وفد کا ریلوے اسٹیشن پر استقبال کیا اور ہار پہنائے۔ وفد کی قیادت محمد ارشد یوسف زئی کر رہے تھے۔اس موقع پرباسط شفیق،ملک بشیر، باؤ طاہر ، ظہیرالدین بابر، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،سبط حسن، نور احمداور نادر شاہ و دیگر زونل ذمے داران سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملک بھر سے نومنتخب زونل عہدے داران شرکت کریں گے جن کے ناموں کی منظوری وفاقی ادارے این آئی آر سی نے بھی دے دی ہے،خالد محمود چودھری لاہور ڈویژن کی نمائندگی کریں گے ۔اجلاس کی صدارت مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود چودھری نے کہا کہ مجلس عاملہ میں مشاورت کے بعد ریلوے ملازمین کے مطالبات پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا،آئندہ بجٹ میں مزدوروں کے تحفظات پر بھی غور کیا جائے ، ملک بھر کے ارکان اسمبلی،وزراء،وکلاء ،صحافیوں کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی کاپی ارسال کی جائے ، مزدوروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ریل کا پہیہ اس کے مزدور کی وجہ سے چل رہا ہے ،اگر مزدوروں کو ان کا جائز حق نہ دیا گیا تو ریل بھی چل نہیں سکے گی۔ ریلوے مزدور پریشان ہو گا تو حکمرانوں کو بھی چین سے سونے نہیں دیں گے۔ ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ارکان اسمبلی کو نوازنے کے لیے کروڑ وں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا جا رہا ہے، دوسری طرف غریب ریلوے ملازمین سے ان کی بنیادی سہولیات بھی چھینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جا رہا ہے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں ،آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا،حکمران ریلوے ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں ۔پریم یونین اپنے قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے تحفظ کے لیے بھر پو ر جدوجہد کر رہی ہے اور کسی کو بھی ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دے دیں گے ۔