سیمنزاور پنجاب تھرمل پاور کے درمیان معاہدے پر دستخط کا اعلان

571

معاہدے کے تحت آئندہ 12سال کے لئے پنجاب پاور پلانٹ جھنگ کی مرمت، پرزہ جات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا

کراچی: پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سیمنز نے پنجاب تھرمل پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ طویل المدتی خدمات کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے آئندہ 12 سال کے لئے پنجاب پاور پلانٹ جھنگ کی مرمت، پرزہ جات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ معاہدہ میں توانائی کے لئے کمپنی کی ڈیجیٹل خدمات اور اعداد و شمار جمع کرنے کا نظام ’’سیمنز پاور ڈائیگناسٹکس‘‘ شامل ہے۔

دنیا میں آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہونے کے ناطے پاکستان صنعتوں اور گھریلو صارفین کو سستی اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کر رہا ہے۔حویلی بہادر شاہ، پنجاب پاور پلانٹ ضلع جھنگ میں واقع ہے اور توقع ہے کہ اس سے قومی گرڈ میں 1.3 گیگا واٹس بجلی شامل ہوگی جس سے یہ گیس سے چلنے والا بڑا اور کمبائنڈ سائیکل کا منصوبہ بن جائے گا اور اس کے ذریعے ملک میں سیمنز SGT5-8000H گیس ٹربائنوں کی پہلی بار تنصیب ہوگی جس سے زیادہ اور سستی بجلی کے حصول میں مدد ملے گی۔ معاہدے کے ثمرات سے بجلی گھر کی دستیابی اور لاگت کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ معاہدے میں دونوں گیس ٹربائنوں، جنریٹرز اور متعلقہ ساز و سامان کی مرمت و سروس اور پرزہ جات کی فراہمی سمیت دیگر خدمات شامل ہیں۔

پاکستان میں سیمنز کے سی ای او ہیلموٹ ون سٹروو نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا خواہاں ہے۔ اپنے شراکت داروں اور صارفین کے ساتھ ہم ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہم ایسے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جنہوں نے سستی اور قابل انحصار بجلی اور جدت کے نئے معیار قائم کئے ہیں۔ آج ہمیں اس اہم بجلی گھر میں کام کرنے پر فخر ہے جس سے پاکستان کے عوام اور صنعتی شعبوں کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے قومی گرڈ میں اضافی بجلی شامل ہوگی۔

سیمنز کا پاور ڈائیگناسٹکس آپریشنل چیلنجوں کی پیشگی نشاندہی کے ذریعے بجلی گھروں کی پیداوار بڑھانے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے جدید اعداد و شمار کا نظام استعمال کرتا ہے جس سے بجلی گھروں کی ٹیم لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ سے موثر انداز میں نمٹ سکتی ہے۔موجودہ معاہدہ پاکستان کے بجلی کے شعبہ کو مضبوط بنانے کے لئے سیمنز کی کاوشوں کا مظہر ہے اور یہ معاہدہ پنجاب پاور پلانٹ جھنگ سے بجلی کی مکمل پیداوار کے ذریعے ملک میں بجلی کی بلند ترین پیداوار کے حصول کے لئے کمپنی کی طرف سے کئے جانے والے معاہدے کے تین ماہ بعد سامنے آیا ہے۔