بھارت، امریکا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔میاں مقصود

83

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے رائے ونڈ پولیس چوکی پرخودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجتماع گاہ میں 4 لاکھ سے زائد لوگ موجود تھے، پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں دے کر عظیم قربانی دی ہے۔ حملہ آور کو اجتماع گاہ میں داخل ہونے سے نہ روکا جاتا تو بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوسکتا تھا۔ جماعت اسلامی اس خودکش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 9 افراد کی شہادت کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں ہندوستان کی را ملوث ہے، جس کا مقصد پاکستان کا تشخص عالمی سطح پر خراب کرتے ہوئے پی ایس ایل فائنل میچ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کو ناکام بنانا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت را، موساد اور سی آئی اے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہی ہیں۔ حالیہ افسوس ناک واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے ناسور پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے عسکری اداروں کی کاوشوں سے ملک میں امن وامان کی صورتحال خاصی بہتر ہوئی ہے مگر ابھی اس سلسلے میں مزید اقدامات کیے جانے چاہییں تاکہ دہشت گردی پر مکمل طور پر قابو پایا جاسکے۔ قوم کے جذبات اور حوصلے ان کی مذموم کوششوں سے پست نہیں ہوں گے۔ پاکستانی قوم نے جرأت اور بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی وعسکری قیادت دشمن کی سازشوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ بھارت، امریکا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ امریکا ایک جانب پاکستان اور چین کیخلاف بھارت کی سرپرستی کررہا ہے تو دوسری جانب وہ سی آئی اے اور را کے ذریعے جنوبی ایشیا کے حالات کو خراب کررہا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کڑیاں امریکی سی آئی اے، بھارت کی را اور اسرائیل کی موساد سے ملتی ہیں۔ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت ایسی پالیسیاں مرتب کرے جو حقیقی معنوں میں ملک وقوم کے مفاد میں ہوں۔