کم زور مصافحہ کرنے والوں کو دل کے امراض لا حق ہو سکتے ہیں، تحقیق

798

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کم زور مصافحہ کرنے والوں کو دل کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مضبوطی اور گرم جوشی سے ہاتھ ملانے والے افراد میں دل کی بیماریاں لاحق ہونے کے خطرات کم ہوتے ہیں اور اس کے برعکس کم زور گرفت کے ساتھ، ڈھیلے ڈھالے انداز میں مصافحہ کرنے والے افراد عن قریب ہی امراض قلب کا شکار ہو سکتے ہیں۔ کوئین میری یونی ورسٹی آف لندن میں طبی تحقیق کے مصنف اسٹیفن پیٹرسن کے مطابق ہاتھوں کی مضبوط گرفت صحت مند دل کی ساخت اور افعال سے منسلک ہوتی ہے۔ مصافحے کے دوران ہاتھ کی مضبوط گرفت (ہینڈ گرپ) دل کی بیماریوں کے شکار افراد کی شناخت کرنے کا اہم اور آسان طریقہ ہے۔ یہ طریقہ اختیار کر کے امراض قلب میں مبتلا افراد بھی ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا حملوں سے اپنی زندگیوں کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مضبوطی سے ہاتھ ملانے والوں کے برعکس کم زور مصافحہ کرنے والے افراد میں دل کی بیماریاں بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کیوں کہ دوران مصافحہ مضبوط گرفت ظاہر کرتی ہے کہ ہاتھ ملانے والے شخص کا دل، خون کو درست طریقے سے پمپ کر رہا ہے جب کہ کم زور گرفت اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ دل کی دھڑکن کی رفتار کم ہے جس کے باعث دوران خون کی رفتار بھی کم ہے اور ایسے شخص کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کی شرح کسی بھی دوسری بیماری سے زیادہ ہے۔ صرف برطانیہ میں ایک سال کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دل کی بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔