جنوبی وزیرستان میں حریف قبائلی گروپس کے درمیان فائرنگ میں 5 افراد ہلاک

76

وانا (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں 2 متحارب قبائلی گروپوں کے درمیان جائداد کی ملکیت پر پچھلے کئی برسوں سے تنازع چلا آ رہا ہے اور ایک روز قبل دونوں گروپوں کے مسلح افراد نے مورچہ بند ہو کر ایک دوسرے کے خلاف فائرنگ شروع کی جو جمعے کے روز بھی جاری رہی۔فائرنگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 5 افراد ہلاک اور ایک سرکاری عہدیدار سمیت11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔جنوبی وزیرستان کی انتظامیہ میں شامل عہدیدار وں نے بتایا کہ مرکزی قصبے وانا سے لگ بھگ30 کلو میٹر دور چینی خواہ میں احمدزئی وزیر کی ذیلی شاخ کرے خیل اور دوتانی قبائل کے درمیان پچھلے کئی برسوں سے تنازع چلا آ رہا ہے۔جمعہ کے دن انتظامیہ نے متحارب فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لیے قبائلی رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد روانہ کیا۔ قبائلی راہنماؤں کے جرگے پر مارٹر گولہ گرنے سے 3 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں میں ایک سرکردہ قبائلی رہنما جبکہ زخمیوں میں نائب تحصیلدار بھی شامل ہیں۔جرگے پر مارٹر گولہ لگنے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کے اہل کار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے روایتی قبائلی جرگے کے ذریعے عارضی فائر بندی کرا دی۔