یوتھ کی سرپرستی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، زبیر گوندل

150

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان ہی کل پاکستان کی قیادت سنبھالیں گے۔ ہمارے نوجوان ہر شعبہ زندگی میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ یوتھ کی سرپرستی اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے عہدیداروں کے اعزاز میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کی طرف سے راولپنڈی آرٹس کونسل میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زبیر گوندل نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور امت مسلمہ یوتھ کنونشن سے خطاب بھی کیا۔ کنونشن سے ا میر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان، نائب اُمرا رضا احمد شاہ، سید عزیر حامد، رضوان احمد، ڈپٹی سیکرٹری محمد عثمان آکاش، سابق ایم پی اے محمد حنیف چودھری، امیر جماعت اسلامی پی پی 14 سید ارشد فاروق، صدر جے آئی یوتھ شمالی پنجاب اویس اسلم مرزا، قائم مقام صدر جے آئی یوتھ راولپنڈی ملک عمران، چیئرمین یوسی رحمت آباد محمد تاج عباسی اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ زبیر احمد گوندل نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر نوجوانوں کو قیادت کے منصب پر آگے لارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان بڑی تعداد میں جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہورہے ہیں۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو گلی محلے سے لے کر یوسی اور شہر کی سطح پر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کررہی ہے۔ 8 اپریل کو لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا یوتھ کنونشن ہوگا۔