کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) 6 سال کے وقفے کے بعد بلدیہ عظمٰی کراچی کے واحد کراچی میڈیکل و ڈینٹل کالج ( کے ایم ڈی سی ) کے کانووکیشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ اس سے قبل 2012 میں آخری بار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے کامیاب طالبعلموں کو روایتی طریقے سے کانووکیشن میں ڈگریاں دیکر کالج سے رخصت کیا گیا تھا۔ میئر کراچی وسیم اختر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں کے ایم ڈی سی کی انتظامیہ نے تقریبا ایک ماہ قبل یہ پروگرام کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کانووکیشن میں شرکت کے لیے گزشتہ 5 سال کے دوران پاس آؤٹ ہونے والے 950 طلباء4 و طالبات کو دعوت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے نمائندہ جسارت کے رابطہ کرنے پر کے ایم ڈی سی کے ممبر گورننگ باڈی و کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل و ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی نے بتایا ہے کہ کالج کا پانچواں کانووکیشن 31 مارچ کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر صدر ممنون حسین یا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مدعو کیا جائے گا۔ ڈاکٹر بیربل نے بتایا ہے کہ کالج کے چیئرمین و میئر وسیم اختر نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر بیج کی تکمیل کے بعد کانووکیشن کا انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔