فیصل آباد، پاسپورٹ ایگزیکٹو کوہ نور عوام کے لیے وبال جان بن گیا

300

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے نائب امیر میاں عبدالستار بیگا نے کہا ہے کہ پاسپورٹ ایگزیکٹو کوہ نور عوام کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔ شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک عملے کا وتیرہ ہے جبکہ اپنی غلطیوں کو شہریوں پر ڈال کر شہریوں کو عذاب میں مبتلا کیا جاتا ہے، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ڈبل فیس کی وصولی کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے ان صحیح کاغذات میں بھی جان بوجھ کر غلطیاں نکالی جاتی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے کئی کئی دفعہ پاسپورٹ آفس کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عملہ اپنی غلطیوں کو چھپانے کے لیے شہریوں کے بالکل درست کاغذات کو بھی نامکمل اور غلط قرار دے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے ایگزیکٹو آفس میں عوام دہری فیس کی ادائیگی رش سے بچنے اور پاسپورٹ کے جلد حصول کے لیے کرتے ہیں لیکن اہلکاروں کی سستی اور نااہلی کے باعث انہیں پاسپورٹ کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ انہوں نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاسپورٹ ایگزیکٹو آفس کوہ نور میں عملے کی اس سستی اور نااہلی کا نوٹس لے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔