بیکنگ سیکٹر کو صنعتوں کی ترقی کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، صدر کاٹی 

413
kati taiq malic

برآمداتی شعبہ اور صنعتیں اس وقت بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے چیلنج کا سامنا کررہے ہیں

طارق ملک کا بینک الفلاح کے اعلیٰ سطحی وفد سے خطاب ،جنید نقی، راشد صدیقی، فرخ مظہراور دیگر کا بھی اظہار خیال

کراچی: بینکنگ سیکٹر کو صنعتوں اور برآمداتی شعبے کی معاونت کے لیے آگے آنا چاہیے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی قومی خدمت تصور ہوگی۔

یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک نے بینک الفلاح کے اعلیٰ سطحی وفد کی کاٹی آمد پر ظہرانے سے خطاب کے موقع پر کہی۔ اس موقعے پر کاٹی کے نائب صدر جنید نقی، سابق صدور راشد صدیقی، فرخ مظہر، ایس ایم یحیی، اکبر فاروقی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ بینک الفلاح کے وفد میں بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ، انویسٹمنٹ اور انٹرنیشنل بینکنگ بلال اصغر، گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ مہرین احمد، گروپ ہیڈ ٹریژری ، کیپیٹل مارکیٹ اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوٹس سید علی سلطان، ایرئیا مینیجر کورنگی انڈسٹریل ایریا عدیل احمد خان اور دیگر سنیئر بینکار شامل تھے۔

صدر کاٹی طارق ملک کا کہنا تھا کہ برآمداتی شعبہ اور صنعتیں اس وقت بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے چیلنج کا سامنا کررہے ہیں، ایس ایم ایز ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہیں، لیکن تیزی سے صنعتوں کی بندش نے اس شعبے کو مسلسل مسائل سے دو چار کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بینکاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، مجموعی طور پر بینکنگ سیکٹر نے ایس ایم ایز اور صنعتوں کو مالیاتی مدد فراہم کرنے پر مطلوبہ توجہ نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں بینکوں کو آگے بڑھ کر صنعتی اور برآمداتی شعبے کی مدد کرنی چاہیے، یہ ایک غیر معمولی قومی خدمت ہوگی۔

راشد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو مشینری کی درآمد اور مرمت اور ترقی کے لیے بینکوں کو خصوصی پراڈکٹس متعارف کروانا چاہییں۔ بینک الفلاح کی گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ مہرین احمد نے کہا کہ بینک الفلاح کو ابتدا ہی سے بزنس مین کا بینک کہا جاتا ہے، ہم اس وقت صنعتی اور کاروباری شعبے کو سب سے زیادہ قرضے اور دیگر خدمات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ای سیکٹر میں قرضوں کی فراہمی اور دیگر خدمات کے لیے باقاعدہ شعبہ قائم ہے جو اس حوالے سے مشاورت اور آگاہی پر بھی کام کررہا ہے۔ بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ ، انویسٹمنٹ اور انٹرنیشنل بینکنگ بلال اصغر نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے میں کاٹی کے مؤثر کردار کو سراہا۔ سید علی سلطان، گروپ ہیڈ ٹریژری، کیپیٹل مارکیٹ اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوٹس، نے ملکی معیشت کے مختلف پہلوؤں پر شرکا کو آگاہ کیا۔ اس موقعے پر صدر کاٹی طارق ملک کا کہنا تھا کہ کاٹی بینک اور اپنے ارکان کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، امید ہے کہ بینکنگ سیکٹر صنعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر توجہ کا مرکز بنائے گی۔